Categories
Breaking news

یو اے ای نے پاکستان سمیت 12 ممالک کیلئے وزٹ ویزے کا اجرا معطل کردیا

Advertisement
Advertisement

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان سمیت 12 ممالک کو وزٹ ویزا کے اجرا کا عمل عارضی طور پر غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا ہے۔زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ یو اے ای انتظامیہ کی جانب سے یہ فیصلہ ممکنہ طور پر کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر کیا گیا ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہم اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کے متعلقہ حکام سے سرکاری طور پر تصدیق کا انتظار کر رہے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ معطلی کا اطلاق پہلے سے جاری کردہ ویزوں پر نہیں ہوگا۔
ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ معطلی کا اطلاق ویزا کی کتنی کیٹیگریز پر ہوگا۔متحدہ عرب امارات میں بزنس، سیاحت، ٹرانزٹ اور طلبا سمیت ویزے کی متعدد اقسام ہیں۔واضح رہے کہ جون میں پاکستان میں تیزی سے کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن ایمیریٹس نے پاکستان سے 3 جولائی تک کے لیے مسافر سروس عارضی طور پر معطل کردی تھی۔
یہ فیصلہ ایمیریٹس کی پرواز کے ذریعے ہانگ کانگ جانے والے 30 پاکستانی شہریوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا گیا تھا۔ بعد ازاں ایئرلائن نے جولائی میں پروازیں بحال کردی تھیں۔اگست میں کویت کی ایوی ایشن نے وبا کے حوالے سے ‘انتہائی خطرناک’ قرار دے کر پاکستان سمیت 31 ممالک کے لیے کمرشل پروازوں پر پابندی لگادی تھی۔پاکستان میں اکتوبر کے وسط سے کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہورہا ہے اور انتظامیہ اسے وبا کی دوسری لہر قرار دے چکی ہے۔
گزشتہ چھ روز کے دوران پاکستان میں یومیہ 2 ہزار سے زائد کیسز سامنے آرہے ہیں اور حکام خبردار کر چکے ہیں کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد اور حیدر آباد سمیت بڑے شہروں میں ٹیسٹ کی مثبت شرح میں اضافہ ہوا ہے۔پیر کے روز وزیر اعظم عمران خان نے عوام پر وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ‘بطور قوم’ کردار ادا کرنے پر زور دیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکومتی جلسوں پر پابندی کا اعلان کیا تھا اور اپوزیشن سے بھی جلسے نہ کرنے کی درخواست کی تھی، ساتھ ہی عوام پر ماسک لازمی طور پر پہننے اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے پر زور دیا تھا۔

Advertisement

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *