Categories
Breaking news

کینیڈا دہشت گردی، پاکستان نژاد مسلم خاندان نے 14سال قبل ہجرت کی

اوٹاوا/کراچی (رفیق مانگٹ) کینیڈا میں دہشتگردی کی بھینٹ چڑھنے والا پاکستانی نژاد مسلمان خاندان 14؍ سال قبل پاکستان سے ہجرت کرکے گیا۔ شہید چار افراد میں،ماں پی ایچ ڈی اور بیٹی نویں جماعت کے امتحان دے رہی تھیں ، مدیحہ سلمان نے 2001ء میں پشاور سے سول انجینئر میں بیچلر کیا اور مالاکنڈ میں جاب کی، کینیڈ اکی ایک نیوز سائٹ پر بطور فری لانس رائیٹر کام کیا اور مسلمانوں کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا۔ سلمان افضل فزیو تھراپسٹ،کرکٹ کے دیوانے تھے۔ امام اسلامک سینٹرنے بتایا کہ یہ ایک مثالی خاندان تھااور حال ہی میں نئے گھر میں شفٹ ہوئے تھے۔ ترک میڈیا کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ نے بتایا کہ خاندان کا تعلق لاہور شہر سے ہے۔

تفصیلات کےمطابق کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو میں پاکستانی نژاد مسلمان خاندان کے چار افراد کودہشتگردی کے ایک واقعے میں شہید کردیا گیا۔ یہ واقعہ اتوار کی شامل اونٹاریو کے شہر لندن میں پیش آیا۔ شہید چار افراد میں،ماں پی ایچ ڈی اور بیٹی نویں جماعت کے امتحان دے رہی تھیں۔اس واقعے میں بدقسمت خاندان کا ایک نو سالہ بچہ فائز سلمان زندہ بچ پایاجو زیر علاج ہے اور ان کی جان خطرے سے باہرہے۔ شہید ہونے والوں میں 46سالہ فزیو تھراپسٹ سلمان افضل،ان کی اہلیہ اور پی ایچ ڈی کی طالبہ 44سالہ مدیحہ سلمان،نویں جماعت کی طالبہ 15سالہ یمنی سلمان اور ان کی 74سالہ ضیعف دادی شامل ہے جن کانام معلوم نہیں ہوسکا۔ مدیحہ سلمان ویسٹرن یونی ورسٹی لندن اونٹاریو سے جیو اینوائرمنٹل انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کے فائنل امتحان دے رہی تھی۔ وہ کینیڈا کی ایک ویب سائیٹ”دی لنک کینیڈا“ میں فری لانس رائٹر تھی،ان کی تحریر وں میں مسلمان کمیونٹی او رخاص کر شمالی امریکا مسلم آبادی کے مثبت تشخص کو ہمیشہ اجاگر کیا گیا۔

دوستوں کا کہنا ہے کہ یہ فیملی چودہ برس قبل کینیڈا ہجرت کرکے آئی،سلمان افضل فزیو تھراپسٹ کے ساتھ کرکٹ کے دیوانے تھے۔ان کی دوہی اولادیں تھی، بیٹی اوکرج سیکنڈری اسکول سے نویں جماعت کی تکمیل کے آخری مراحل میں تھی۔ تھیمس ویلی ڈسٹرکٹ اسکول بورڈ نے تصدیق کی کہ جاں بحق افراد میں سے ایک ان کے اسکول کی طالبہ ہے۔ مدیحہ سلمان کے لنکڈ ان پروفائل کے مطابق انہوں نے پشاور کی این ڈبلیو ایف پی یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے 1997سے2001کے درمیان سول انجینئرنگ کی ڈگری لی،2001سے2004تک وہ مالاکنڈ تھرڈ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں بحیثیت جونیئر اسٹرکچرل انجینئر کے طور پر خدمات انجام دیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *