Categories
Breaking news

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، ناظم آباد، لیاقت آباد، صدر، شارع فیصل اور آئی آئی چندریگر روڈ سمیت مختلف علاقوں میں یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش سے موسم مزید سہانا ہوگیا ہے۔

شہریوں نے موسم کا مزہ دو بالا کرنے کے لئے پکوڑوں، سموسوں اور کچوریوں پر خوب ہاتھ صاف کئے، سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران شہر میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہے گا،جبکہ جمعے کو مغربی ہواؤں کا یہ سسٹم سندھ سے نکل جائے گا۔ اس کے علاوہ آٹھ جنوری سے سردی کی شدت میں اضافہ بھی متوقع ہے۔

دوسری طرف شہر کو بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے موسم میں محفوظ اور مستحکم بجلی کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں بدھ اور جمعرات کو وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی اور تیز بارش دوران کے دوران کے الیکٹرک (کے ای) نے شہر کو محفوظ اور مستحکم بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔

کے ای کے اعلامیے کے مطابق پاور یوٹیلٹی کی ٹیمیں برسات کے موسم میں مسلسل متحرک رہیں اور اس بات کو یقینی بنایا کہ بجلی کی مستحکم فراہمی جاری رہے، جبکہ صارفین کو بجلی کی صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھنے کے لیے کے ای اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے مسلسل تازہ ترین صورتحال نشر کرتا رہا۔

ترجمان کے ای نے کہا کہ بارش کے دوران ہمارا سسٹم بہترین انداز سے کام کرتا رہا اور ہماری ٹیمز نے اس بات کو یقینی بنایا کہ شہریوں کو محفوظ طریقے سے بجلی کی فراہمی مسلسل جاری رہے۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران مقامی سطح پر شکایت کے لیے کال سینٹر 118، ایس ایم ایس سروس 8119، کے ای لائیو اَیپ، اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 24/7 رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید

Original Article

Leave a Reply

Your email address will not be published.