Categories
Breaking news

پاکستان کی تاریخ میں ایسے معاشی حالات کبھی نہیں دیکھے: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت میں ملکی معیشت تباہ ہو گئی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے ممبران کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ پاکستان کے عوام اس وقت تکلیف اور مشکل میں ہیں جبکہ تاریخ میں پاکستان کے معاشی حالات ایسے خراب نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے لوگ عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور پیپلز پارٹی عوام کے اصل مسائل جانتی ہے۔ اسی لیے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کو مشکل صورتحال سے نکالا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے عوام مہنگائی سے پریشان ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے ہر دور میں ہم نے روزگار دیا لیکن حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کر کے لوگوں سے روزگار چھین لیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے آپ کی مدد اور ساتھ کی ضرورت ہے اور پاکستان کے عوام حکومت سے نجات چاہتے ہیں کیونکہ تحریک انصاف کی حکومت میں ملکی معیشت تباہ ہو گئی ہے۔ پاکستان کے حالات اس طرح پہلے کبھی نہیں تھے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پنجاب میں لوکل باڈیز کا نظام آرڈیننس کے ذریعے چل رہا ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اختیارات دیئے ہیں چھینے نہیں اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے سارے اختیارات پارلیمان کو دے کر اپنی مدت پوری کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تبدیلی آئے صوبوں کو حقوق ملیں اور بلدیاتی نظام کو مضبوط کیا جائے۔ چاہتے ہیں پنجاب میں بھی سندھ جیسا بلدیاتی نظام ہو اور چاہتے ہیں پنجاب کے بلدیاتی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت لوگوں سے ان کی چھت چھین رہی ہے اور موجودہ حکومت نے لوگوں کو بے روزگار اور بے گھر کر دیا ہے۔ ہم اپنی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.