Categories
Breaking news

پاکستان کا برطانیہ سے نواز شریف کو وطن واپس بھیجنے کا مطالبہ

Advertisement
Advertisement

 سابق وزیراعظم نواز شریف

وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے برطانیہ کو خط لکھا ہے۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے 5 اکتوبر کو برطانوی وزیر داخلہ پریتی پٹیل کوخط لکھا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف ملک میں کرپشن کے ذمہ دار ہیں اور امید ہے کہ برطانوی وزیر داخلہ کرپشن کے ذمہ داروں کی ملک واپسی کیلئے پاکستانی حکومت کی کوششوں میں تعاون کریں گی۔

خط میں برطانوی وزیر داخلہ سے نواز شریف کو واپس بھیجنے کیلئے اپنے وسیع اختیارات کا استعمال کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

خط میں پاکستانی عدالت کے نواز شریف کی گرفتاری کے وارنٹ کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جب کہ ایک پاکستانی عہدیدار کے مطابق برطانیہ نے ابھی پاکستانی حکومت کی درخواست کا باضابطہ جواب نہیں دیا ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف گزشتہ سال نومبر سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں اور اشتہاری قرار دینے کیلئے کارروائی بھی شروع کردی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے بھی ایک تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ نوازشریف سن لو، اب سے میری کوشش ہے کہ تمہیں ملک میں واپس لایا جائے اور اب عام جیل میں ڈالا جائے گا۔

Advertisement

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *