Categories
Breaking news

پاکستان-انگلینڈ کرکٹ سیریز پاکستان میں کیوں نہیں دکھا پائیں گے، فواد چوہدری کا اہم بیان سامنے آ گیا

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی کی درخواست پر کابینہ نے بھارتی کمپنیوں سے کاروبار کی اجازت نہیں دی ہے جس کی وجہ سے آئندہ ہونے والی پاکستان-انگلینڈ کرکٹ سیریز ملک میں نہیں دکھا پائیں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں کرکٹ نشر کرنے کے حقوق بھارتی کمپنیوں کے پاس ہے اور اس کے حل کے لیے ہم کوئی اور راستہ دیکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کرکٹ دیکھنا ضروری ہے اور اس کے لیے پوری منصوبہ بندی کی کوشش کریں گے، اگر اس کا ہمیں کوئی متبادل نہیں مل سکا تو پی سی بی کو بھی خسارے کا سامنا کرنا پڑے گا'۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کے نظام کو بہتر کیا جانا ضروری ہے لیکن اسے پھونک مار کر ٹھیک نہیں کیا جاسکتا، مسلم لیگ (ن) اتنے طویل عرصے اقتدار میں رہی مگر انہوں نے ریلوے ٹریکس پر کوئی کام نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) اداروں کو دیمک کی طرح تباہ و برباد کیا ہے، موجود حکومت کو ہر ادارے کو نئے سرے سے بنانا پڑ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم ون منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد ریلوے کا نظام جدید ہوگا تاہم ابھی فوراً اسے ٹھیک کرنا مشکل ہے۔

اپوزیشن سے مذاکرات کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سے بات کرنا چاہتے ہیں اور پہلے وہ الیکٹورل ریفارمز پر دونوں جماعتوں سے اپنے نمائندے نامزد کریں تاکہ ہم ان سے بات کرسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پیپلز پارٹی جیسی بڑی پارٹی کو زرداریوں نے ایک صوبے کی قوم پرست جماعت بنارہے ہیں، دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی سیاست صرف جی ٹی روڈ تک محدود رہ گئی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'پی ٹی آئی ان کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں تاہم احتساب پر ضد نہ کریں اس پر ہم بات نہیں کریں گے'۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 'الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا ٹیکنالوجی کا حصہ مکمل ہوچکا ہے اور اب الیکشن کمیشن کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی مشین کا ڈیمو دینے جارہی ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت اطلاعات بہت جلد 500 الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا آرڈر دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ملک کی تعمیر میں ایک حصہ ادا کیا ہے تاہم مسلم لیگ (ن) انہیں ووٹنگ کا حق دینا نہیں چاہتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *