Categories
Breaking news

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھاگ جانا حکومت کے اکثریت کھو دینے کا ثبوت ہے: شہبازشریف

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھاگ جانا حکومت کے اکثریت کھو دینے کا ثبوت ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کا سیاہ قانون سازی کا حصہ بننے سے انکار جمہوریت کے لیے نیک شگون ہے، اتحادیوں کے انکار اور تحفظات کے بعد حکومت نیب ترمیمی آرڈیننس، ای وی ایم اور انتخابی اصلاحات سے متعلق سیاہ قوانین واپس لے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھاگ جانا حکومت کے اکثریت کھو دینے کا ثبوت ہے، جس طرح چوروں کی طرح پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا گیا تھا، اسی طرح رات کی تاریکی میں اجلاس ملتوی کر دیاگیا، رات کے اندھیرے کی طرح اس حکومت کی نیت بھی کالی، ذہن اور دل عوام کے درد سے خالی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پرائیویٹ ممبر بل پر دو بار شکست کھانے کے بعد مشترکہ اجلاس کا التواء عمران نیازی کی اکثریت کھو دینے کی علامت ہے، مہنگائی کی ستائی عوام کے عدم اعتماد کے بعد پارلیمان نے بھی عمران نیازی پر عدم اعتماد کر دیا ہے، عوام اور پارلیمنٹ کے عدم اعتماد کے بعد کرسی سے زبردستی چمٹے رہنے کے بجائے عمران نیازی مستعفی ہوکر قوم کو ریلیف دیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.