Categories
Breaking news

وقار ذکاء نے ندا یاسر کو بے نقاب کر دیا

Advertisement

نامور میزبان وقار ذکاء نے مروہ کی فیملی سے متعلق معروف ٹی وی میزبان و اداکارہ ندا یاسر کے جھوٹ سے پردہ اٹھا دیا۔ ندا یاسر نے اپنے پروگرام میں زیادتی کا نشانہ بننے والی 5 سالہ مروہ کے والدین کو مدعو کرنے پر معافی مانگی تھی، اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغا م میں مروہ کے والدین کو اپنے شو پر بلانے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ بچی کے اہلخانہ نے ان سے خود رابطہ کیا تھا اور یہ پروگرام ریٹنگ کے لیے نہیں کیا گیا تھا۔ندا یاسر کی معافی پر وقار ذکاء نے اپنی خاموشی توڑتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اپنی ایک تفصیلی ویڈیو شیئر کی جس میں اُنہوں نے ندا یاسر کی جانب سے بولے گئے جھوٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ میزبان ندا یاسر نے اپنے ویڈیو پیغام میں جھوٹ بول کر معافی مانگنے کی کوشش کی ہے۔
وقار ذکاء نے اپنے ویڈیو پیغام میں مروہ کے والد کا بیان بھی شامل کیا جس میں مروہ کے والد نے ندا یاسر کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے ندا اور شو کی انتظامیہ سے کوئی رابطہ نہیں کیا تھا بلکہ انتظامیہ نے خود اُن سے رابطہ کرکے اُنہیں شو پر آنے کے لیے دعوت دی تھی۔دوسری جانب مروہ کے تایا نے بھی ندا یاسر کے جھوٹ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مروہ کے افسوسناک حادثے سے پہلے اُن کا میڈیا کے کسی نمائندے سے کوئی رابطہ نہیں تھا لیکن مروہ کے حادثے کے بعد خود میڈیا والے اُن کے پاس آئے اور اُن سے رابطہ کیا۔
ندا یاسر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ پورا شو دیکھا جائے تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ پہلے دن ان کی ایف آئی آر بھی نہیں درج ہوئی تھی اور جب انہوں نے احتجاج کیا تو دوسرے دن ایف آئی آر درج کی گئی تھی، اس طرح کے کیسز کو جب میڈیا سپورٹ ملتی ہے تو اداروں کا کام تیز ہوجاتا ہے۔مروہ کے تایا نے ندا یاسر کے اس بیان کی بھی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ندا یاسر نے جھوٹ بولا کہ اُن کے شو میں جانے کے بعد پولیس نے ایف آئی آر درج کی تھی بلکہ سچ تو یہ ہے کہ ہم نے 4 ستمبر کو ہی مروہ کی گمشدگی کی ایف آئی آر کٹوا دی تھی۔
ندا یاسر کے جھوٹ سُننے کے بعد وقار ذکاء نے اُنہیں میزبانی چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اب آپ کو پروڈیوسر بن جانا چاہیے اور اپنی جگہ کسی دوسری خاتون کو میزبانی کرنے کا موقع دیں کیونکہ آپ کےجھوٹ سُننے کے بعد شاید ہی عوام آپ کو دوبارہ اسکرین پر دیکھنا چاہے گی۔واضح رہے کہ مروہ کی فیملی کو اپنے مارننگ شو میں مدعو کرنے اور پھر اُن سے نامناسب سوالات کرنے پر سوشل میڈیا پر ندا یاسر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا اور پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر ہیش ٹیگ BanNidaYasir کا ٹرینڈ بھی زیر گردش رہا۔سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے ندا یاسر کے خلاف پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) میں شکایت بھی درج کرائی تھی۔صارفین کا کہنا تھا کہ ندا یاسر نے یہ پروگرام محض ریٹنگ حاصل کرنے کے لیے کیا تھا اور صارفین یہ کہتے بھی دکھائی دیے کہ بچی کے والدین کو مدعو کر کے نامناسب سوال کرنے سے اُن کے احساسات مجروح ہوئے ہیں۔

Advertisement

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *