Categories
Breaking news

وزیر داخلہ کا پاسپورٹ کی مدت 5سال سے بڑھا کر 10سال کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاسپورٹ کی مدت 5 سال سے بڑھا کر 10سال کرنے کا اعلان کردیا جو آئندہ سال یکم جنوری سے جاری ہوں گے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ غریب کا مسئلہ یہ ہے کہ اس کا ورک ویزا ختم ہوجاتا ہے، پاسپورٹ کی مدت 5 سال ہوتی ہے لیکن پہلی تاریخ سے 10 سال کا پاسپورٹ جاری ہوگا لیکن ہم تین ہزار سے زیادہ فیس نہیں بڑھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سارے مشرق وسطیٰ کے مزدوروں کو 5 سال کے بجائے دس سال کا ویزا ملے گا اور یہ عمران خان کی طرف سے آپ کے لیے نیا تحفہ ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ 28اپریل سے ہم نیا ای پاسپورٹ جاری کرنے جارہے ہیں، 120 دن کا ہمارا ہدف ہے، نیا ای پاسپورٹ لانچ کریں گے تاکہ اس میں سارا ڈیٹا آئے اور ملک کی عزت ہو۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ آج سے ہی پاسپورٹ ایس ایم ایس سروس سارے پاکستان میں شروع ی جا رہی ہے، جس کا کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ جس کا پاسپورٹ ختم ہونے والا ہو گا، اس کو چھ ماہ پہلے اطلاع دے دیں گے کہ آپ اپنا پاسپورٹ بنوا لیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم یکم جنوری سے دنیا کے 191 ملکوں کے لیے ای سروس شروع کررہے ہیں۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے مجھے آن لائن پاسپورٹ سروس شروع کرنے کی ہدایت کی ہے لیکن اس میں 120 دن سے زیادہ وقت لگے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ اسمگل شدہ تیل اور پیٹرول بیچنے والوں کو 7 دن کے اندر خرید و فروخت بند کرنے کا حکم دیا جائے، یہ 2 سے 3 ارب ڈالر کا بنتا ہے اور اگر انہوں نے بند نہ کیا تو وزارت داخلہ ان کے پیٹرول پمپ بند کردے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 120 دن کے اندر ہم ایکسپریس پاسپورٹ بھی جاری کردیں گے جس کی بدولت آپ صبح پاسپورٹ دے کر شام میں حاصل کر سکیں گے جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں پاسپورٹ کی ہوم ڈیلیوری بھی کی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم چین کے معاملات دیکھ رہے ہیں اور کوشش کررہے ہیں کہ سی پیک میں موجود چینیوں کو وزارت داخلہ نہ آنا پڑے۔دوران گفتگو شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ کی بلیک لسٹ کو کم کرنے کی ہدایت دی ہے، 66ہزار لوگ ایف آئی اے میں بلیک لسٹ ہیں اور 34ہزار لوگ پاسپورٹ میں بلیک لسٹ ہیں، میں نے انہیں کہا ہے کہ جن لوگوں کا مجرمانہ ریکارڈ ہے یا ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں، ان کو بلیک لسٹ میں رکھیں، تاہم اس فہرست کو 25 ہزار کریں، باقی 75ہزار کم کریں۔
تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ والوں کی معاشی صورتحال بہت بری ہے، انہوں نے 7 ارب کا بجٹ مانگا جبکہ انہیں 2ارب روپے ملے ہیں، حفیظ شیخ سے ملاقات کر کے مالی صورتحال بہتر کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ پاسپورٹ کی مدت 10سال کرنے کے لیے تیار نہیں تھا، وہ کہہ رہے تھے کہ فیس بڑھائیں کیونکہ ہمیں پاسپورٹ امیگریشن میں بڑی فنڈنگ کی ضرورت ہے۔

Advertisement
Advertisement

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *