میڈرڈ (محمد نبی) فرانس کے لاک ڈاؤن سے بچنے کے لئے بڑی تعداد میں نوجوان میڈرڈ کا رخ کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق میڈرڈ کی ہر گلی کوچہ اور بازار میں فرانسیسی باشندے نظر آ رہے ہیں۔ بارز اور ریسٹورینٹ کھلنے کی وجہ سے بھی لوگ بڑی تعداد میں سفر کر رہے ہیں۔ اور ایسٹر سے پہلے پہلے پہنچنے کے جتن میں ہیں۔ ان کی تعداد ہزاروں میں بتائی جاتی ہے۔
جنوری سے اسپین اور خاص کر میڈرڈ میں دوسرے یورپی ممالک کے برعکس کورونا کیسز کی تعداد میں نمایان کمی آ رہی ہے۔ اس کمی کے ساتھ ہی بارز، ریسٹورینٹ اور مارکیٹیں بھی کھل رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پڑوسی ممالک سے بڑی تعداد میں لوگ تعطیلات گزارنے اور ایسٹر سے لطف اندوز ہونے کے لئے اسپین کا رخ کر رہے ہیں۔
اسپین پر یورپی کمیشن نے انتباہ کیا ہے کہ وہ ایک ہم آہنگی اور یکسانیت اپنائے اور بیرون مالک اور اندرون شہریوں کے لئے دوہرا میعار نہ رکھے۔
