Categories
Breaking news

میسی ساتویں مرتبہ ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب

ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ریکارڈ ساتویں سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ ’بیلن ڈی اور‘ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔اس سے قبل 2009، 2010، 2011، 2012، 2015 اور 2019 میں بیلن ڈی اور جیتنے والے فٹبالر کا اس سال ایوارڈ جیتنے کے لیے روبرٹ لیون ڈاؤسکی اور جورگنہو سے سخت مقابلہ تھا جبکہ کرسٹیانو رونالڈو سابقہ ایوارڈز مقابلوں کے برخلاف اس مرتبہ فہرست کا حصہ نہیں تھے۔

تاہم گزشتہ سال پہلی مرتبہ اپنے ملک ارجنٹائن کے لیے کوپا امریکا کا ٹائٹل جیتنے والے میسی اپنے دونوں حریفوں کو مات دیتے ہوئے ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہے۔میسی کو ان کے بارسلونا کے سابق ساتھی اور یوراگوئے کے مایہ ناز فٹبالر لوئس سواریز نے بیلن ڈی اور کی ٹرافی دی۔

On revit cette soirée du #BallonDor avec nos Parisiens au Théâtre du Châtelet 👀 pic.twitter.com/QEHBeBYScT

— Paris Saint-Germain (@PSG_inside) November 29, 2021

پیرس کے تھیٹر ڈو چیٹیلیٹ میں ایوارڈ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے میسی نے کہا کہ یہاں دوبارہ آ کر ایوارڈ جیتنا انتہائی خوشگوار ہے، دو سال قبل مجھے لگا تھا کہ یہ میں نے آخری بار ایوارڈ جیتا ہے لیکن اس سال دوبارہ یہ اعزاز حاصل کر کے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوپا امریکا ٹائٹل جیتنے کی وجہ سے یہ میرے لیے خاص سال ہے، مراکانہ اسٹیڈیم میں جیتنا بہت خاص ہے اور ارجنٹائن کے عوام کے ساتھ جشن منانے پر بہت خوش تھا۔

انہوں نے کہا کہ میرا ایک طویل کیریئر ہے اور مجھے نہیں معلوم کہ یہ میرا بہترین سال تھا یا نہیں لیکن بے انتہا تنقید اور مشکل وقت کے بعد ارجنٹائن کے لیے ٹائٹل جیتنے کی وجہ سے یہ میرے لیے خاص سال ہے۔
واضح رہے کہ میسی کو یہ ایوارڈ ایک ایسے موقع پر دیا گیا ہے جب وہ اپنے سابقہ کلب بارسلونا سے کئی سالہ وابستگی ختم کرنے کے بعد رواں سال ہی فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمین کا حصہ بنے ہیں۔

Have a good night 😴

We will see you very soon… #BallondOr pic.twitter.com/6Opu3ltvFR

— Ballon d'Or #ballondor (@francefootball) November 30, 2021

اس سے قبل میسی نے گزشتہ چھ مرتبہ بیلن ڈی اور بارسلونا میں رہتے ہوئے جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار نے گزشتہ سیزن میں لالیگا میں سب سے زیادہ گول اسکور کیے تھے اور اس طرح مجموعی طور پر اس ایوارڈ کے لیے 613 پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

اس ایوارڈ کے لیے ان کا سب سے بڑا مقابلہ روبرٹ لیون ڈاؤسکی سے تھا جو 580 پوائنٹس کے سبب ایوارڈ تو نہ جیت سکے لیکن انہیں سال کا بہترین اسٹرائیکر قرار دیا گیا۔چیلسی کے لیے چیمپیئنز لیگ اور اٹلی کے لیے یورپیئن شپ جیتنے والے گول کیپر جورگنہو کو بھی ایوارڈ کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیا جارہا تھا لیکن وہ 460 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

¡Gracias a los que han hecho esto posible! Familia, amigos, compañeros, entrenadores, clubes, selección… #BallonDor2021 #kopatrophy

Enhorabuena @alexiaputellas y #Messi👏¡Han hecho historia!

Thanks to everyone who has made this possible! Congrats Alexia&Leo. You made history! pic.twitter.com/NFscyrShjF

— Pedri González (@Pedri) November 29, 2021

بیلن ڈی اور کی دوڑ میں فرانس کے کریم بینزیما اور نگولو کانٹے بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔چیلسی کو سال کا سب سے بہترین کلب قرار دیا گیا جبکہ ان کے گول کیپر ایڈورڈ مینڈی سال کے دوسرے بہترین گول کیپر قرار پائے کیونکہ بہترین گول کیپر کی ’یاشین ٹرافی‘ اٹلی کے گیان لوگی ڈونوروما کے نام رہی۔

خواتین کا بیلن ڈی اور اسپین کی مڈفیلڈر الیگزیا پیوٹیلس کے نام رہا جنہوں نے اپنی عمدہ کارکردگی سے بارسلونا کو چیمپیئنز لیگ کا ٹائٹل جتوایا۔یہ رات بارسلونا کے لیے اس لحاظ سے بھی یادگار رہی کہ ان کے 19سالہ فٹبالر پیڈری کو سال کے بہترین انڈر21 کھلاڑی کے ایوارڈ ’کوپا ٹرافی‘ سے نوازا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *