Categories
Breaking news

مکمل طور پر ویکسین لگا لینے والے شہری فرانس، اٹلی، سپین، پرتگال، یونان اور امریکہ جاسکیں گے، وزیر صحت میٹ ہینکوک

لندن(دوست مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر صحت میٹ ہینکوک نے کہا ہے کہ مکمل طورپر ویکسین لگا چکنے والے لوگوں کو قرنطینہ کے بغیر امبر لسٹ میں شامل ممالک کے سفر کی اجازت دی جائے گی۔ سکائی نیوز سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ابھی ڈاکٹروں کی جانب سے ایسا مشورہ نہیں دیا گیا ہے لیکن حکومت اس پر کام کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ قرنطینہ کے بغیر سفر کی اجازت پر 10روزہ قرنطینہ کے بجائے روزانہ کورونا کا ٹیسٹ ہوا کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ ابھی میں اس حوالے سے حتمی طورپر کچھ نہیں کہہ سکتا، جب میں حتمی بات کرنے کی پوزیشن میں آجائوں گا تو ایسا ہوگا لیکن ہم اس حوالے سے کام اور کوششوں میں مصروف ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ویکسی نیشن کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ لوگوں کو آزادی کے ساتھ نقل وحرکت کی اجازت مل سکے اور یہی وجہ ہے کہ تمام بالغ شہریوں کو ویکسین لگوانا ضروری ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کی بقیہ پابندیاں 19 جولائی سے ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ غیر ملکی سفر کیلئےقوانین میں نرمی زیادہ مشکل کام ہے۔ وزیر صحت کا یہ بیان ٹائمز میں شائع ہونے والی اس خبر کے بعد آیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومت انگلینڈ میں سفری پابندیوں میں تبدیلی کرنے والی ہے اور جمعرات کو اس کا اعلان کیا جائے گا۔ خبر میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ اگست سے امبر لسٹ میں شامل ممالک سے واپس آنے والے مکمل طورپر ویکسین شدہ لوگوں کو اب 10 روزہ قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا، اس کے معنی یہ ہیں کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے شہری اب فرانس، اٹلی، سپین، پرتگال، یونان اور امریکہ جاسکیں گے اور واپسی پر انھیں آئسولیٹ نہیں ہونا ہوگا۔

میٹ ہینکوک نے یہ نہیں بتایا کہ رعایت کب سے دی جائے گی اور صرف یہ کہا کہ جب ایسا کرنا محفوظ ہوگا تک ایسا کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ مستقبل میں برطانیہ میں ویکسین لگانے کو ثابت کرنے کیلئے این ایچ ایس کی ایپ اہم ہوگی، اب تک 6 ملین افراد این ایچ ایس ایپ ڈائون لوڈ کرچکے ہیں، جس سے یہ ثابت ہوگا کہ آپ نے ویکسین کرائی ہے کہ نہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ اہم ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ دوسرے ممالک یہ ثبوت دیکھنا چاہتے ہیں کہ آپ نے جانے سے قبل ویکسین لگوالی ہے، اس لئے جب ہم رعایت دیں گے جب ہم اسے ثابت کرسکیں گے۔ بورس جانسن نے پیر کو کہا تھا کہ رواں سال غیرملکی سفر کیلئے مشکل ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *