Categories
Breaking news

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل میں کووڈ 19 کی تشخیص

Advertisement

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل

نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے نتیجے میں پاکستان میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کیسز کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

کووڈ کی دوسری لہر کے دوران متعدد معروف شخصیات میں اس وبائی مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔

اب معروف عالم دین مولانا طارق جمیل میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی ہے۔

مولانا طارق جمیل نے یہ بات سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند روز سے طبیعت خراب تھی اور ٹیسٹ کروانے پر کورونا کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد ڈاکٹروں کے مشورے سے وہ ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی جاری ایک پیغام میں لوگوں سے صحتیابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی۔

السلام علیکم ورحمة الله
گذشتہ کچھ ایام سے طبعیت ناساز تھی، ٹیسٹ کروانے پر کورونا پازیٹو آیا ہے ،
اطبّاء کے مشورے سے ہسپتال داخل ہو گیا ہوں، تمام محبین سے خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے۔#tariqjamil

Advertisement

— Tariq Jamil (@TariqJamilOFCL) December 13, 2020

واضح رہے طارق جمیل ایک معروف پاکستانی مبلغ اور عالمِ دین ہیں، ان کی تبلیغی کوششوں کے باعث بہت سے گلوکار، اداکار اور کھلاڑیوں کی زندگیوں میں واضح تبدیلی دیکھنے میں آئی۔

رواں سال حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا جو 23 مارچ 2021 کو دیا جائے گا۔

گزشتہ سال وہ عارضہ قلب کے باعث بھی ہسپتال میں زیرعلاج رہے تھے اور انجیوپلاسٹی کی گئی تھی۔

یکم جنوری 2019 کو دل میں درد کی شکایت ہوئی تھی جس کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی انجیوگرافی کی گئی۔

بعد ازاں مولانا طارق جمیل کے ترجمان طاہر رحیمی نے بتایا تھا کہ مولانا کو دل کی شریان بند ہونے کی وجہ سے ایک اسٹنٹ ڈالا گیا تھا۔

Advertisement

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *