Categories
Breaking news

مصر میں دو ٹرینیں ٹکرانے سے 32 افراد جاں بحق ہو گئے

Advertisement
Advertisement

مصر میں دو ٹرینیں ٹکرانے سے 32 افراد جاں بحق ہو گئے

مصر کے شہر سوہاج میں دو ٹرینیں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 32 افراد جاں بحق ہوگئے۔

جمعہ کو پیش آنے والے واقعے میں ٹرینوں کی بوگیاں ایک دوسرے پر چڑھ گئیں جبکہ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسافر مذکورہ بوگیوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

مذکورہ سوشل میڈیا ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متعدد مسافروں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ متعدد کا خون بہہ رہا ہے۔

واقعے کے بعد مصر کی وزارت صحت کے جاری بیان کے مطابق واقعے میں 32 افراد جاں بحق اور 66 زخمی ہوگئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے 50 افراد کو قریبی ہسپتالوں میں طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔

ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ نامعلوم فرد کی جانب سے ایمرجنسی بریک استعمال کیے جانے کے بعد ٹرینیں ٹکرا گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی بریک کی وجہ سے ایک ٹرین رک گئی جبکہ دوسری ٹرین، جو اس کے پیچھے آرہی تھی، اس سے ٹکرا گئی، حکام کا کہنا تھا کہ حکام واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

دوسری جانب پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں رائٹرز کے حوالے سے بتایا گیا کہ نامعلوم سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ٹرینوں کی رفتار کم تھی جس کی وجہ سے صرف دو بوگیوں کو نقصان پہنچا۔

بعد ازاں مصر کے صدر سیسی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک جاری بیان میں کہا کہ ‘واقعے کے ذمہ داران، چاہے وہ غفلت یا بدعنوانی کے مرتکب ہوئے ہوں یا ایسی ہی کسی اور چیز کے ذمہ دار ہوں، انہیں فوری سزا دی جائے گی'۔

دوسری جانب سرکاری ٹی وی کے مطابق انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ملک کے وزیراعظم مصطفیٰ مادبولی کو ہدایت کی ہے کہ وہ وزیر صحت کے ساتھ جائے حادثہ کا دورہ کریں۔

واضح رہے کہ مصر میں دنیا کا سب سے پرانا اور بڑا ریلوے نظام موجود ہے جہاں اس قسم کے حادثات معمول ہیں۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں 2017 میں ایک ہزار 793 ریلوے حادثات ہوئے تھے۔

اس سے قبل رواں سال بحر روم کی بندرگاہ کے حامل شہر اسکندریہ میں دو مسافر ٹرینیں ٹکرا گئی تھیں جس میں 43 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

2016 میں قائرہ میں دو ٹرینیں ٹکرانے سے 51 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ مصر کی تاریخ میں 2002 کا حادثہ سب سے خطرناک تھا، جس میں چلتی ٹرین میں آتشزدگی کے باعث 300 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

Advertisement

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *