Categories
Breaking news

فردوس عاشق نے ایک ہی مکا مار کر پتھر کی 11 ٹائلیں توڑدیں

وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ایک مکا مار کر پتھر کی 11 ٹائلیں توڑ دیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان پہلے خود کو کرکٹ اور فٹ بال کی کھلاڑی توثابت کر چکی ہیں، آج وہ کراٹے کی ماہر بھی دکھائی دیں۔

انہوں نے ایک ہی مکا مار کر پتھر کی11 ٹائلیں توڑ دیں۔

فردوس عاشق نے کہا کہ مکا مارنے کے بعد مجھے ایسا لگا جیسے پی ڈی ایم کو مکا مار کر کِرچی کِرچی کر دیا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سیاستدان تو ہیں ہی، اب ان کے کئی دوسرے جوہر بھی سامنے آنے لگے، چند دن پہلےانہوں نے فٹ بال کو فٹ بالر کی طرح کک ماری۔ پھر ایک تقریب میں کرکٹ کھیلتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو ہی کلین بولڈ کر ڈالا۔

یہ بھی پڑھیے

فردوس عاشق اعوان آج کراٹے ماہر کی طرح پتھر کی 11 ٹائلوں کو مکا مارنے لگیں تو چند ٹائلیں پہلے ہی گر گئیں، انہوں نے باقی ماندہ ٹائلوں کو مکا مار کر توڑ ڈالا اور مکا لہراتے ہوئے کہنے لگیں کہ پی ڈی ایم کو ذہن میں رکھ کر مکا مارا تھا۔

معاون خصوصی نے یہ انکشاف بھی کردیا کہ ہر وقت حکومت جانے کی باتیں کرنے والی مریم نواز خود جلد جیل جانے والی ہیں۔

اس سوال پر کہ کیا مریم نواز 13 دسمبر سے قبل گرفتار ہوجائیں گی، فردوس عاشق اعوان کہنے لگیں کہ یہ فیصلہ جلد ہی عدالت کرے گی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ جاتی امرا کے زندہ لوگ عوام کے دلوں میں مر چکے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید

Original Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *