Categories
Breaking news

سیالکوٹ واقعے میں ملوث 50 افرادکو گرفتار کرلیا گیا: ترجمان پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور

وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعے میں ملوث 50 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی، حسان خاور اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ سری لنکن فیکٹری منیجر کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے، سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کی نشاندہی کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ 50 افراد کو گرفتار کرلیا، انکوائری 48 گھنٹے میں مکمل کی جائے گی، پولیس کی لاپرواہی ثابت ہوئی تو کارروائی کی جائے گی جو لوگ ملوث ہوں گے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

مزید پڑھیے: سیالکوٹ میں مشتعل فیکٹری ملازمین نے غیر ملکی منیجر کو قتل کر ڈالا

حسان خاور کا کہنا تھاکہ 15 پر کال اورپولیس رسپانس میں 20 منٹ کا فرق ہے، دیکھنا ہوگا اس وقت پولیس پارٹی کہاں تھی،کسی قسم کی رعایت نہیں دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی طاہر اشرفی نے کہا کہ زیادتی، ظلم اور بربریت ہوئی، مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ان افراد نے اسلام کی تعلیمات کو مسخ کیا، بطور مسلمان اس واقعے پر شرمندہ ہیں۔

خیال رہے کہ سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا۔

مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگا دی، مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.