میڈرڈ(محمد نبی) روسی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ جانوروں کے مدافعتی عمل کو بہتر بنانے کے لئے کورونا ویکسین تیارکررہے ہیں۔ یہ ویکسین بلی، کتے، بکری، آبی نیولا اوردوسرے پالتو جانوروں کے لئے استعمال کی جائے گی۔ ویکسین کو Carnivac-Cov نام دیا گیا ہے۔ میڈکل سٹاف نے اسے موثر قرار دیا ہے۔
روس کے ‘ویٹرنری کنٹرول باڈی’ کے ڈپٹی ڈائرکٹر، کونسٹنٹن ساوینکوف نے کہا کہ یہ پہلی اور اب تک کی واحد ویکسین ہے جو جانوروں میں کورونا مرض کے پھیلاؤ کو روکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑے پیمانے پر ترسیل کے لئے ویکسین کی تیاری اپریل میں شروع ہوگی۔
ڈپٹی ڈائرکٹر نے ویکسین پر رائے دیتے ہوئے کہا کہ یہ مکمل طور پر محفوظ ہے اور کلینکل ٹرائل سے ثابت ہوا ہے کہ جن جانوروں کو ویکسین لگائی گئ، ان میں کورونا کے خلاف اینٹی باڈیز بننا شروع ہوئے جو کم سے کم 6 ماہ تک اثر دکھاتے ہیں۔
