بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور رشی کپور کے بیٹے رنبیر کپور کہتے ہیں کہ 2020 اُن کی زندگی کا سب سے طویل سال رہا ہے کیونکہ اس کا آغاز کو اُن کے والد کو ہمیشہ کے لیے کھونے سے ہوا تھا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکار رنیبر کپور نے اپنے حالیہ انٹرویو میں والد کی موت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ میری زندگی کا ایک بہت بڑا سال رہا ہے جس کا آغاز والد کو کھونے کے ساتھ ہوا کیونکہ میں نے اس بارے میں کبھی سوچا بھی تھا کہ والد اتنی جلدی چھوڑ کر چلے جائیں گے۔‘
رنبیر کپور نے کہا کہ ’والد کو ہمیشہ کے لیے کھو دینے کے صدمے سے آج تک نپٹ رہا ہوں۔‘بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ ’والد کی موت نے مجھ سمیت میرے تمام اہلخانہ کی زندگیوں پر ایک گہرا اثر چھوڑا ہے لیکن میں اور میری بہن آج بھی مضبوطی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔‘اُنہوں نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے گزشتہ دو سالوں میں والد کے ساتھ صرف وہ وقت گُزارا تھا کہ جب اُنہیں ہوٹل سے اسپتال لیکر گئے تھے۔‘رنیبر کپور نے کہا کہ ’جب والد کی کیموتھراپی ہورہی تھی تو میں اُس وقت اُن کے ساتھ موجود تھا اور خاموش کھڑا بس اُنہیں دیکھ رہا تھا۔‘بالی ووڈ اداکار نے جذباتی ہوتے ہوئے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم تھا کہ وقت اتنی تیزی سے گُزرے گا کہ والد ہمیشہ کے لیے اس دُنیا سے رخصت ہوجائیں گے۔‘اُنہوں نے کہا کہ ’آخر میں بس اتنا کہوں گا کہ والد کی موت میری زندگی کا سب سے افسوسناک واقعہ ثابت ہوا ہے۔‘
