Categories
Breaking news

جعلی حکومت کے دن گنے جا چکے، 13 دسمبر کو آر یا پار ہوگا: مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے لاہور کے شہریوں کو 13 دسمبر کو اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں اور جلسے میں آر یا پار ہوگا۔

مریم نواز نے لاہور میں عوامی رابطہ مہم کے تحت جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جعلی وزیراعظم کا نام تابعدار خان ہے اور وہ کل کہہ رہا تھا کہ لاہور کا جلسہ روکوں گا نہیں اس لیے اس کو پتہ ہے کہ لاہور کا جلسہ رکے گا نہیں۔

وزیراعظم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا لاہور کا جلسہ نہیں روکوں گا لیکن کرسیاں اور ٹینٹ نہیں دوں گا لیکن یہاں داروغہ والا میں جلسے میں کوئی کرسی نہیں ہے اور انہیں کرسی کی ضرورت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری اپنی پارٹی کے لوگوں نے کہا کہ آپ کو صرف 13 دسمبر کے جلسے کو باہر نکلنا ہوگا لیکن میں نے کہا لاہور میرا گھر ہے اور لاہور کے لوگوں کو خود جا کر جلسے کی دعوت دوں گی۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کی دعوت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'این اے 128 والوں کو نواز شریف، شہباز شریف کی طرف سے جلسے کی دعوت دینے کے لیے آپ کی بیٹی خود آئی ہے'۔

مریم نواز نے کہا کہ اگر اس جعلی حکومت نے اجازت نہیں دی تو 13 دسمبر کو جلسہ نہیں ہوگا جس پر عوام نے کہا ہوگا، اگر ملتان کے لوگ جلسے کی اجازت نہ ملنے پر سڑک پر کھڑے ہو کر جلسہ کرتے ہیں تو لاہور تو لاہور ہے، لاہور بولتا ہے تو پورا پاکستان بولتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'لاہور سے بہت امیدیں ہیں کیونکہ لاہور نے پاکستان کو نواز شریف جیسا بیٹا دیا ہے اور پورے پاکستان کی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے آخری جلسہ اس لیے رکھا ہے کہ13 دسمبر کو لاہور فیصلہ کر دے گا'۔

مریم نواز نے کہا کہ '13 دسمبر کو آر یا پار ہوگا، لاہور بتادے گا کہ جعلی حکومت کے دن اب گنے جا چکے ہیں، جلسےمیں آکر دیکھو کہ اس جعلی عمران خان کے جانے کے دن اب صرف چند رہ گئے ہیں اور اس کو گھر بھیجنے کی آخری ذمہ داری میرے شہر لاہور پر آگئی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'بہت باتیں کرنی ہیں لیکن سب باتیں 13 دسمبر کو مینار پاکستان میں ہوں گی'۔

مریم نواز نے کارکنوں کو جلسےمیں شرکت کا وعدہ لیتے ہوئے کہا کہ لاہور کے جلسےمیں آکر اپنے آپ کو اس مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت سے ہمیشہ کے لیے نجات دلاؤ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *