Categories
Breaking news

بھارتی فوج کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: آرمی چیف

Advertisement

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے ان کا استقبال کیا۔

آرمی چیف نے ایل او سی پر اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزیوں پر بریفنگ دی گئی، انہیں عالمی قوانین کے برخلاف یو این گاڑی کو نشانہ بنانے پر بھی آگاہ کیا گیا۔

Advertisement

پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ بھارتی فوج کو کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاک فوج ایل او سی پر آبادی کے تحفظ کے لیے اقدامات بروئے کار لائے گی۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کی جغرافیائی سرحدوں اور وقار کا تحفظ یقینی بنائے گی، بھارتی اشتعال انگیزیاں علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، اس سے قبل بھارتی فوج کی تتہ پاتی ، جندروٹ سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ سے معمر خاتون شہید اور 4 سالہ نایاب سمیت 3 شہری زخمی ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، بھارتی فوج نے بھاری ہتھیاروں کا اندھا دھند استعمال کیا، یاد ہے کہ چند روز قبل بھارتی فورسز نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا تھا۔

Advertisement

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *