وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا اداروں سے ایک جمہوری حکومت کو ختم کرکے انہیں حکومت دینے کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے۔
شبلی فراز نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ان جماعتوں کا اداروں سے مطالبہ ہے کہ ایک جمہوری حکومت کو ہٹا کر ان کو حکومت میں لے آئیں اور اس کے بعد نیوٹرل ہوجائیں جو ایک مضحکہ خیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس چیز پر جمہوری حکومت کو ہٹانےکامطالبہ کرتے ہیں وہ ایک شفاف انتخابات کے ذریعے وجودمیں آئی ہے، جس کی گواہی عالمی اداروں اور فافین نے تصدیق کی۔
شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 2013 کے انتخابات کے حوالے سے ایک تحریک چلائی تھی جوقانونی اور جمہوری طریقے پر منتج ہوئی، جس میں تمام مراحل کو طے کیا گیا، یعنی الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس گئے، سپریم کورٹ کے پاس گئے، ایک جوڈیشل کمیشن بنا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ تھا 4 حلقوں کو کھولا جائے اور اسی کی بنیاد پر وہ 4 حلقے کھولے گئے، جہاں دھاندلی ثابت ہوئی، ہم نے پارلیمنٹ میں بھی یہ سوال اٹھایا تھا لیکن کیا ان سیاسی جماعتوں نے ان میں سے کسی ایک ادارے سے رجوع کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے پاس دھاندلی کے ثبوت کیا ہیں، اگر ثبوت ہیں تو پیش کریں۔