پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان بائیں پاؤں میں انجری کےسبب چھ ہفتوں کے لیے کرکٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔نوجوان آل راؤنڈر اب نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کا بھی حصہ نہیں ہوں گے۔شاداب خان نیوزی لینڈ کے خلاف نپیئر میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے بعد انجری کا شکار ہوئے تھے، پاکستان ٹیم کے ترنگا پہنچنےپر اُن کا ایم آر آئی کرایا گیا جس میں شاداب کی انجری کی تشخیص ہوئی۔ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم کے مطابق شاداب خان کی انجری نئی ہے، اُن کا کہنا تھا کہ شاداب خان کی انجری سے متعلق بہت احتیاط برتنا چاہتے ہیں اس لیے اُنہیں 6 ہفتوں کا آرام تجویز کیا گیا ہے۔ڈاکٹر سہیل سلیم کے مطابق میڈیکل پینل شاداب خان کی انجری کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا جس کے بعد ہی اُن کی دوبارہ واپسی کے حوالے سے کوئی فیصلہ ہوگا۔
