Categories
Breaking news

اسکول اور دکان کھولنے کیلئے ویکسین لگوانا ہو گی: وزیرِ اعلیٰ سندھ

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اگر اسکول کھولنا ہے تو تمام اساتذہ کو ویکسین لگانا ضروری ہے، اگر کوئی دکاندار دکان کھولنا چاہتا ہے تو اسے بھی ویکسین لگوانی ہوگی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ماس ویکسی نیشن ایکسپو سینٹر ہال نمبر 3 کا افتتاح کر دیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ویکسی نیشن کرانی چاہیئے، یہ ہم سب کے فائدے کی چیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن کرائیں تاکہ ہم دوبارہ نارمل زندگی کی طرف آ سکیں، ہم ریڈ لسٹ میں اس لیئے ہیں کہ ہمارے یہاں ویکسی نیشن نہیں ہوئی، فرنٹ لائن ورکرز نے جس طرح کام کیا ہے انہیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم پولیس کو بھی 75 فیصد ویکسی نیٹ کر چکے ہیں، ٹاسک فورس کے اجلاس میں سرکاری ملازمین کو ویکسین لگانے کا کہا ہے، جو سرکاری ملازمین ویکسین نہیں لگوائیں گے ان کی تنخواہیں روک لیں گے، ہم اپنی طرف سے پابندیاں ہٹانے کی طرف جائیں گے۔

ایکسپو سینٹر کراچی میں ایک اور ویکسی نیشن ہال کا افتتاح

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ماس ویکسی نیشن ایکسپو سینٹر کے ایک اور ہال، ہال نمبر 3 کا افتتاح کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم جلد بحالی کی طرف جائیں گے اور پابندیاں ختم ہوں گی، زیادہ سے زیادہ لوگوں سے درخواست کروں گا کہ وہ ویکسین لگوائیں، لوگوں کو اگر کوئی تکلیف ہوتی ہے تو اس کے لیے معذرت خواہ ہوں، حکومت کے سفیر بن کر لوگوں کے پاس جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسین لگوائیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وباء موجود ہے، ہمیں احتیاط جاری رکھنی ہیں، اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ سندھ میں اموات کی شرح کم ہے، ہمارے پاس کورونا سے بحالی کی شرح اس وقت سب سے زیادہ ہے، ویکسین لگانے کے بعد بھی ایس او پیز پر عمل در آمد ضرور کریں، ٹاسک فورس میں پولیس، رینجرز، ڈاکٹرز، سب موجود ہوتے ہیں، ٹاسک فورس میں ہم مل کر متفقہ فیصلے کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی مدد کریں تاکہ ہم زیادہ سے زیادہ بحالی کی طرف جائیں، میں نے ویکسین کی دونوں ڈوز لگوا لی ہیں مگر ماسک پھر بھی پہنتا ہوں، اس وباء کا مذاق اڑانا زیادتی ہے، پنجاب میں کورونا کیسز بڑھے تو پابندیوں پر تمام جماعتوں نے ساتھ دیا، یہاں ان ہی جماعتوں نے سیاست کرنا شروع کر دی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں پچھلی حکومت کے آخری دنوں میں 27 اسکیمیں تھیں، اس وقت وفاقی حکومت نے صرف 6 اسکیمیں سندھ کے لیے رکھی ہیں، سندھ کے لیے وفاق نے ابھی کوئی نئی اسکیم نہیں رکھی ہے، کینجھر جھیل سے کراچی کے لیے پانی لانے کی اسکیم بھی وفاق نے ختم کی۔

سندھ میں اسکول کل سے نہیں کھول رہے: سعید غنی

سندھ کے وزیرِ تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ صوبے میں اسکول کل (پیر 7 جون) سے نہیں کھلیں گے، سندھ میں تمام تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند کیئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو وفاق کی جانب سے سڑکیں بنانے کے لیے فنڈز دیئے جا رہے ہیں، لاہور سے سکھر تک وفاق اپنے پیسوں سے روڈز بنا رہا ہے، سکھر سے روڈ کے لیئے کہا گیا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ پر بنے گا، سندھ کے ساتھ ایسا سلوک کیوں کیا جا رہا ہے؟

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ اب اس کے بعد لوگ میرے پیچھے پڑ جائیں گے، مگر میں بہرے لوگوں سے مخاطب ہوں، یہ کہیں گے کہ ہم نے گلیاں اور نالے بنائے ہیں، انہوں نے گلیاں اور نالے صوبائی حکومت سے مشورے کے بغیر بنائے ہیں، احتجاج کرنے کا حق ہر کسی کو حاصل ہے، آئین کے دائرے میں احتجاج کیا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں سندھ کے پانی کا مسئلہ اسمبلی میں لے کر گیا تھا، اس وقت پانی کے مسئلے پر تمام جماعتوں نے میرے ساتھ اتفاق کیا تھا، میں کہتا ہوں کہ سندھ کو پانی دیا جائے، وہ کہتے ہیں کہ آپ پانی چوری کرتے ہیں، کرپشن کے نئے دروازے وفاق نے کھول دیئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید

Original Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *